اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی معمولی خلاف ورزی پر عوام کو گرفتار نہ کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عوام الناس کی طرف سے لاک ڈاؤن کی معمولی خلاف ورزی پر ان کا سڑک پر گھیراؤ کرنا بھی درست نہیں ہے۔ یہ نہیں ہونا چاہئے۔
کورونا وائرس کے پیشِ نظر عدلیہ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عدلیہ نے معمولی جرائم کے مرتکب افراد کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا جسے تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
وائرس کے خلاف جنگ میں طبی عملے کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے کہا کہ اِس جنگ میں ہمارے ہیرو ڈاکٹرز ہیں، تاہم انہیں تمام احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کرنی چاہئیں۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سماجی فاصلوں کے حوالے سے میں پولیس، رینجرز اور مسلح فورسز کے اہلکاروں کو مزید محتاط رہنے کا مشورہ دیتا ہوں۔ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے دوران گروہوں کے گلیوں پر چلنے کے دوران احتیاط ضروری ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یہی بات رضاکاروں پر بھی عائد ہوتی ہے جو سماجی، سیاسی یا مذہبی گروہ سے تعلق رکھتے ہوں اور کسی بھی مہم کا حصہ ہوں جو کورونا وائرس کے خلاف چلائی جائے۔
Please don't arrest people for minor violations of restrictions or congregate them on the road. In fact I appreciate that the judiciary has taken an initiative to release minor offence prisoners. Our heroes in this battle are the doctors too, be brave, but take all precautions.
— Dr. Arif Alvi (@ArifAlvi) March 24, 2020