کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج متواتر مندی کے بعد مثبت رجحان دیکھا گیا جس کے نتیجے میں 400 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروباری ہفتے کے آخری روز مجموعی طور پر 420.05 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ 30 ہزار 500 کی سطح پر آگئی۔
اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا آغاز 30 ہزار 129.83 پوائنٹس سے ہوا جبکہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں 420.05 کے اضافے کے بعد مارکیٹ میں اِس وقت 30 ہزار 549.88 پوائنٹس پر ٹریڈنگ جاری ہے۔
آل شیئر انڈیکس میں 94.63 پوائنٹس، کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس میں 177.04 جبکہ این آئی ٹی پاکستان گیٹ وے انڈیکس میں 236.50 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
مثبت رجحان کے ساتھ آل شیئر انڈیکس اِس وقت 21 ہزار 780، کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس 14 ہزار 329.94 جبکہ این آئی ٹی پاکستان گیٹ وے انڈیکس 7 ہزار 130 پوائنٹس پر ٹریڈنگ کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی مسلسل مندی کے بادل چھائے رہے۔ آغاز سے ہی 1752 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس پر کاروبار کو 45 منٹ کیلئے بند کردیا گیا۔
مارکیٹ میں گزشتہ 9 روز سے مسلسل مندی کے باعث کاروبار کو کم و بیش 6 بار بند کرنا پڑا جس سے مارکیٹ کی صورتحال کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ : 1752 پوائنٹس کی کمی پر کاروبار بند