کراچی: ممتاز عالمِ دین مفتی تقی عثمانی نے ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے حوالے سے نمازِ جمعہ پر ممکنہ پابندی کی مخالفت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ممتاز عالمِ دین مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اپنی جگہ، لیکن وہم اور دہشت کو اِس میں داخل نہیں کیا جاسکتا۔
نامور عالمِ دین مفتی تقی عثمانی نے وائرس خدشات کے پیش نظر ممکنہ پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نمازِ باجماعت یا نمازِ جمعہ پر پابندی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
احتياطى تدبيريں اپنی جگہ لیکن وہم اور دہشت اس میں داخل نہیں نیز نماز باجماعت یا جمعہ پر پابندی کا بھی کوئی جواز نہیں
— Muhammad Taqi Usmani (Official) (@muftitaqiusmani) March 17, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کایبنہ کے اجلاس میں ملک بھر میں پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کے خلاف نمازِ جمعہ کے اجتماعات کے ذریعے آگہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے گزشتہ روز کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نمازِ جمعہ کے اجتماعات پر فی الوقت پابندی عائد نہ کی جائے۔ اس دوران کورونا وائرس کی روک تھام پر عملی اقدامات بھی زیرِ غور آئے۔
وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ائمہ حضرات نمازِ جمعہ کو 2 فرض تک محدود کریں جبکہ خطبۂ جمعہ مختصر کیا جائے۔ آگہی مہم کے حوالے سے اتفاق کیا گیا کہ علمائے کرام مساجد کے ذریعے عوام کو کورونا وائرس کے خلاف احتیاط کا مشورہ دیں۔
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کا نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں آگہی مہم چلانے کا فیصلہ