پی ایس ایل پاکستان کیلئے ایک برانڈ کی حیثیت اختیار کرچکی ہے ، اس سال تمام میچز پاکستان میں منعقد ہونے سے شائقین کا جوش اور ولولہ دیدنی ہے تاہم پاکستان کے سب سے بڑے ایونٹ کی افتتاحی تقریب نے شائقین کو مایوس کیا۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب پر 21 کروڑ روپے خرچ ہوئے لیکن پی ایس ایل کا ترانہ شائقین کو متاثر کرسکا اور نہ ہی افتتاحی تقریب اپنا رنگ جماسکی۔پی ایس ایل 2میں گلوکار علی ظفر کا سیٹی بجے گی کھیل جمے گا کے بعد سیزن تھری اور فور کی طرح سیزن فائیو کا آفیشل ترانہ بھی شائقین سے پسند کی سندحاصل نہ کرسکا۔ پی ایس ایل فائیو کے ترانے تیار ہیں میں حصہ لینے والے گلوکار علی عظمت نے ترانے کی ناکامی کا ملبہ گلوکار علی ظفر پر ڈال دیا ہے جس کے بعد علی ظفر نے عوام کی پرزور فرمائش پر ایک نیا ترانہ بناناکا اعلان کرنے کے ساتھ تیاری بھی شروع کردی ہے۔ آفیشل ترانے کے علاوہ تقریب کے میزبان احمد گوڈیل اوربھارتی ڈائریکٹرکے معاملے نے بھی سر اٹھالیا ہے۔
تقریب کا بجٹ
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب پر21 کروڑ روپے خرچ کئے جبکہ 2018کے ایونٹ کی افتتاحی تقریب پر20لاکھ ڈالرز اور2019میں 1اعشاریہ 75ملین ڈالرز کے اخراجات آئے تھے۔
غیر ملکیوں کی شرکت
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کی افتتاحی تقریب کیلئے اوپن ٹینڈر جاری کیا گیا تھا جبکہ سب سے کم بولی دینے والی کمپنی کو پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کا نظام سونپا گیاجبکہ بھارتی ڈائریکٹر کو پی سی بی نے براہ راست نہیں بلایا بلکہ پی سی بی سے معاہدہ کرنیوالی کمپنی شوبھرابھردواج کو ادائیگی کی پابند ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے کریو میں بھارت سمیت دیگرممالک سے 3 سو سے زائدلوگ پاکستان آئے جن میں سے کئی افراد پہلے بھی پاکستان آچکے ہیں۔
شوبھرا بھردواج
بھارتی ایونٹ ڈائریکٹر شوبھرابھردواج 2010میں نئی دہلی میں کامن ویلتھ گیمز کی افتتاحی تقریب کرواچکی ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ میں پاکستان اس تقریب کو کامیاب بنانے کیلئے کافی پرجوش تھی، شوبھرا بھردواج کاکہنا ہے کہ شو کیلئے وژن کو سامنے رکھا جاتا ہے،شوکیلئے ایک ٹائم لائن ہوتی ہےاورپیرا میٹرز ہوتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ شو ختم کرنے کے بعد گرائونڈ سے اسٹیج ختم کرنا بھی بڑا چیلنج تھا جبکہ ہم نے شو کو کامیاب کرنے کیلئے بھارت،انگلینڈ،یوکرائن ،آسٹریلیااور مراکش سے ٹیکنیشنز کی خدمات حاصل کیںاور کئی ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا گیا۔
احمد گوڈیل
پاکستان سپر لیگ کی میزبانی ایک غیر معروف میزبان کو سونپی گئی جس کی غیر معیاری کمپیئرنگ نے تقریب کا ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ احمد گوڈیل کی بری پرفارمنس کے بعد شائقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی جبکہ احمد گوڈیل کی جانب سے میڈیا پر آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کیساتھ کنٹریکٹ ختم کردیا۔ احمد گوڈیل کا کہنا ہے کہ شائقین نے مجھ پر اور میرے خاندان پر تنقید کیا اور کڑے وقت میں میرا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔
علی عظمت
پی ایس ایل فائیو کے آفیشل ترانے میں شریک گلوکار علی عظمت نے تقریب میں بدنظمی اور ناکامی کے بعد میڈیا پر اشاروں کنایوں میں بات کرتے ہوئے ترانے کی ناکامی کا ذمہ دار علی ظفر کو قرار دیا ، انہوں نے الزام لگایا کہ علی ظفر نے لوگوں کو پیسے دیکر پی ایس ایل فائیو کا ترانہ ناکام بنایا ہے۔
علی ظفر
گلوکار علی ظفر نے علی عظمت کے الزامات کے حوالے سے ایک مزاحیہ ویڈیو بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا ہے کہ دنیا میں کسی کو بھی کوئی مسئلہ ہو اس کی صرف میں ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر میں نے بنوایا،آپ کی زندگی میں کوئی مسئلہ ہے یا ایونٹ نہیں چلا تو اس کے ذمہ دار آپ بالکل نہیں ہیں جبکہ عوام کے پرزور اصرار پر گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کیلئے ایک نئے گانے کی تیاری شروع کردی ہے۔ بھائی آرہا ہے۔۔۔تیار ہو!!!