عابد شیر علی کی تنقید کے بعد اویس لغاری کا 250 یونٹس تک ریلیف دینے کا عندیہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وفاقی وزیر برائے توانائی اویس احمد لغاری نے کہا ہے کہ 200 یونٹ سے معمولی زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر اضافی بلوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات زیر غور ہیں۔ حکومت پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ماہانہ بجلی کی حد 200 سے بڑھا کر 250 یونٹ کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔

سینیٹ اجلاس میں بجلی کے نرخوں اور صارفین کو درپیش مشکلات پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عابد شیر علی نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی صارف صرف ایک اضافی یونٹ استعمال کرکے 201 یونٹ تک پہنچ جائے تو اسے زیادہ ٹیرف کے باعث بھاری بل کیوں ادا کرنا پڑتا ہے؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نااہلی اور بجلی چوری کا بوجھ عام صارفین پر نہ ڈالا جائے۔

جواب میں اویس لغاری نے کہا کہ 200 یونٹ کی حد سے تجاوز کرنے پر چھ ماہ تک اضافی چارجز برداشت کرنے کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کام جاری ہے۔ انہوں نے ڈیڑھ ماہ کے اندر ممکنہ ریلیف کی توقع بھی ظاہر کی۔

وفاقی وزیر کے مطابق 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد تقریباً دو کروڑ ہے تاہم ان میں سولر سسٹم رکھنے والے صارفین بھی شامل ہیں۔ حکومت کا مقصد محدود وسائل کے تحت مستحق اور کم آمدنی والے گھرانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

اجلاس میں وزیر توانائی نے بتایا کہ گردشی قرضہ کم ہو کر 1,670 ارب روپے رہ گیا ہے جبکہ آئندہ چار برس میں ڈیٹ سروس سرچارج ختم کرنا بھی حکومت کے اہداف میں شامل ہے۔

Related Posts