نئی دہلی: بھارت نے وزیراعظم عمران خان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی کونسل کے اجلاس کیلئے مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، کونسل کا اجلاس رواں سال بھارت میں ہوگا۔
بھارتی وزارت خارجہ کا اس حوالے سے کہنا تھاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو شرکت کے لیے مدعو کیا جائے گا، عمران خان کو طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مدعو کیا جائے گا۔
خیال رہے رواں سال شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کی میزبانی بھارت کرے گا ، جس کا اعلان تنظیم کے سکریٹری جنرل ولادی میر نوروف نے نئی دہلی میں کیا تھا۔
2017 میں بھارت اور پاکستان نے مکمل ممبر کی حیثیت سے شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت اختیار کی، یہ ملکی سربراہان کا اجلاس ہے ، جس میں 8ممبر ممالک کے رہنما شرکت کریں گے، جن میں بھارت، چین، قازقستان، کرغستان، روس، پاکستان، تاجکستان، ازبکستان شامل ہیں۔
حکومت کی جانب سے ابھی یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ عمران خان اکتوبر میں ہونے والے اس تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں۔ یہ بات بھی واضح رہے کہ ماضی میں بعض اوقات سربراہان حکومت کی بجائے وزرائے خارجہ بھی اس اجلاس میں حکومت کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر متنازعہ علاقہ ہے ، بھارت کو اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل کرنا ہوگا، چین