پنجابی سینما کی ایکشن اور ڈرامہ سے بھرپور فلم ’’سنگھ ورسس کور‘‘ جو 2013 میں ریلیز ہوئی تھی، اب ایک نئے انداز اور نئی توانائی کے ساتھ واپس آ رہی ہے، فلم کے سیکوئل ’’سنگھ ورسس کور 2‘‘ میں اس بار نئی مرکزی اداکارہ کے طور پر شہناز گل کو پیش کیا گیا ہے جو مشہور پنجابی اداکار گپی گریوال کے مدمقابل جلوہ گر ہوں گی۔
شہناز گل ان دنوں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنی مسلسل کامیابیوں کی وجہ سے خبروں میں ہیں اور اب وہ ’’سنگھ ورسس کور 2‘‘ کی ٹیم کا حصہ بن چکی ہیں۔ گپی گریوال نے اس فلم کی شوٹنگ کے آغاز کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں وہ اور شہناز کلپ بورڈ تھامے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
اگرچہ اس فلم کی مکمل کہانی اور دیگر اداکاروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں ہوا لیکن ذرائع کے مطابق راگھویر بولی، پرنس کنول جیت سنگھ اور بنو ڈھلوں جیسی معروف شخصیات اس پروجیکٹ کا حصہ ہوں گی۔ فلم کے ہدایتکار کا نام اور ریلیز کی تاریخ بھی جلد منظرِ عام پر آئے گی۔
گپی گریوال نے حال ہی میں اپنی کامیاب فلم ’’اکال‘‘ کے بعد ’’کیری آن جٹا 4‘‘ اور ’’جٹ جیمز بانڈ 2‘‘ کا بھی اعلان کیا ہے لیکن ان دونوں بڑی فلموں سے قبل ’’سنگھ ورسس کور 2‘‘ کو ریلیز کرنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
شہناز گل کو اس فلم کی مرکزی اداکارہ کے طور پر متعارف کروانا اس سیریز کے لیے ایک نیا، جرات مندانہ قدم تصور کیا جا رہا ہے۔
اگر شہناز اور گپی گریوال کی نئی جوڑی کو ناظرین کی پذیرائی حاصل ہوئی تو ممکن ہے کہ ’’سنگھ ورسس کور 2‘‘ 2013 کی فلم کا وہی دلکش انداز اور مقبولیت دوبارہ واپس لے آئے۔