دنیا کے معتبر ترین تعلیمی اعزاز ورلڈز بیسٹ اسکول پرائزز 2025 کے لیے پاکستان کے تین ممتاز اسکولوں کو سرفہرست 10 فائنلسٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
یہ اعزازات عالمی وبا کے بعد 2022 میں ٹی فور ایجوکیشن کے تحت اُن تعلیمی اداروں کی خدمات کو سراہنے کے لیے شروع کیے گئے جو کلاس روم سے باہر معاشرے کی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔
سنجن نگر پبلک ایجوکیشن ٹرسٹ ہائر سیکنڈری اسکول (لاہور)
یہ غیر منافع بخش ادارہ لاہور کے فیروزپور روڈ پر واقع ہے جو ابتدائی اور ثانوی تعلیم فراہم کرتا ہے۔
یہ اسکول تعلیمی پسماندگی، مذہبی و نسلی تنوع، اور بے روزگاری جیسے مسائل سے نمٹتے ہوئے 800 سے زائد طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے، جن میں تقریباً 65 فیصد کا تعلق مسیحی برادری سے ہے۔
بیکن ہاؤس کالج پروگرام، جنیپر کیمپس (کوئٹہ)
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں قائم یہ بین الاقوامی ثانوی اسکول ایک منفرد منصوبے سائنس گاڑی کے ذریعے دیہی علاقوں میں سائنس کی تعلیم عام کر رہا ہے۔
یہ مکمل طور پر طلبہ کی رہنمائی میں چلنے والی ایک موبائل لیبارٹری ہے جو دور دراز اسکولوں میں سادہ تجربات کروا کر سائنسی شعور بیدار کرتی ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے 150 سے زائد اسکولوں میں سائنسی سرگرمیوں کو فروغ ملا، بچوں میں سائنسی دلچسپی بڑھی، اور نتائج میں نمایاں بہتری آئی۔
نارڈک انٹرنیشنل اسکول (لاہور)
یہ خود مختار تعلیمی ادارہ، جو کنڈرگارٹن سے ثانوی سطح تک تعلیم فراہم کرتا ہے، والدین کو بچوں کی تعلیمی کامیابی میں فعال شریک بنا رہا ہے۔
والدین کو اسکول ایپ، ورکشاپس، اور تقریبات کے ذریعے بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں میں شامل کیا جاتا ہے۔ ایگزٹ پوائنٹ نامی پروگرام کے ذریعے ہر تعلیمی یونٹ کے اختتام پر والدین کو بچوں کی کامیابیاں دکھائی جاتی ہیں۔ اسکول نے صرف 5 بچوں سے آغاز کیا تھا اور اب یہاں 300 سے زائد طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔
عالمی مقابلہ اور اعزازات:
پانچ مختلف زمروں میں انعامات دیے جائیں گے:
معاشرتی تعاون
ماحولیاتی عمل
اختراعی تعلیم
مشکلات پر قابو
صحت مند زندگی کا فروغ
تمام 50 منتخب ادارے عوامی ووٹنگ میں بھی حصہ لیں گے جبکہ چھ فاتح اسکولوں کا اعلان اکتوبر میں کیا جائے گا۔ ان اداروں کو نومبر میں ابوظہبی میں منعقد ہونے والے عالمی تعلیمی سربراہی اجلاس میں مدعو کیا جائے گا۔