لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے قومی کرکٹ ٹیم کے بیک اپ کے لیے اعلیٰ کارکردگی کیمپ میں بارہ نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو قومی کرکٹ ٹیم کے معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ان کی صلاحیتوں کے مطابق بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ سمیت مختلف شعبوں میں خصوصی تربیت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی فاسٹ باؤلر حسن علی کا اپنی ہونے والی دلہن کے ساتھ فوٹو شوٹ
اکیڈمکس ڈائریکٹر مدثر نذر نے کہا ہے کہ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی صلاحیتوں سے بہتر کام لیا جائے گا اور ہم کوشش کریں گے کہ موجودہ کرکٹ ٹیم کے لیے بہترین بیک اپ تخلیق کیا جائے۔
پہلے مرحلے میں انڈر 16اور دوسرے مرحلے میں انڈر 19 کرکٹرز کو تربیت دی گئی جبکہ موجودہ مرحلے میں پورے ملک سے کرکٹرز کو کیمپ میں شرکت کی دعوت دی جائے گی جس میں فاسٹ باؤلر موسیٰ خان اور حارث رؤف بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ عمر خان، احسن جمیل مرزا، ارشد اللہ، زاہد محمود، محمد جلال، محمد اسد، محمد عامر حسین، فیصل اکرم، ارشد اقبال، عاکف جاوید اور دیگر کھلاڑی اعلیٰ کارکردگی کیمپ میں شرکت کریں گے۔
کمسن فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو بھی23 اگست سے شروع ہونے والے کیمپ میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے تاہم وہ ٹرنباگو نائٹ رائڈرز کا حصہ ہیں جو کیربین پریمیئر لیگ کھیلیں گے اور شرکت نہیں کرسکیں گے۔
دو ہفتوں پرمحیط کرکٹ کیمپ این سی اے میں 23 اگست سے شروع ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں:اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ بیٹسمین شرجیل خان کی کرکٹ میں واپسی