کراچی: نیو ٹرک اڈا ماڑی پور کے ایک کپڑے کے گودام میں آتشزدگی کے واقعے پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے فوری طور پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سے مدد طلب کرلی۔
ترجمان کراچی واٹر کارپوریشن عبدالقادر شیخ نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی سی ای او واٹر کارپوریشن کی ہدایت پر کرش پلانٹ ون اور ٹو ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، اور متعدد واٹر ٹینکرز فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق انچارج ہائیڈرنٹس سیل مسلسل فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں سے رابطے میں ہیں جبکہ ایم ڈی کے فوکل پرسن برائے ہائیڈرنٹس آپریشن خود صورتِ حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ آگ پر جلد از جلد قابو پایا جا سکے۔ واٹر کارپوریشن فائر فائٹنگ آپریشن میں ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے، اور آتشزدگی پر قابو پانے تک واٹر ٹینکرز کی سپلائی جاری رکھی جائے گی۔