بھارتی ریاست بہار کے ضلع گوپال گنج میں ایک شادی کی تقریب کے دوران غیر معمولی واقعہ پیش آیا جب دولہے کو ایک ڈانسر گروپ اغوا کرکے فرار ہو گیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی رات دیگھوا ڈوبولی گاؤں میں روایتی ثقافتی پرفارمنس کے دوران پیش آیا۔ جب پرفارمنس ختم کرنے کا وقت آیا تو مہمانوں اور ڈانسرز کے گروپ کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے۔
دولہا سونو کمار شرما نے رسومات مکمل کر لی تھیں اور وہ دیگر سرگرمیوں میں مصروف تھے، اسی دوران مہمانوں نے زور دیا کہ ڈانسر اپنی پرفارمنس جاری رکھیں، لیکن ڈانسر گروپ مقررہ وقت پر واپس جانا چاہتا تھا۔ اس تنازع کے باعث پہلے لفظی جھگڑا ہوا اور پھر ہاتھا پائی تک جا پہنچی جس میں مسکان نامی ایک رقاصہ زخمی ہو گئی، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی جب مسکان اپنے گروپ کے ہمراہ واپس شادی کی تقریب میں پہنچیں اور جھگڑے کرنے والے مہمانوں پر تشدد کیا، اور دولہے کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کو اطلاع ملتے ہی دولہے کی تلاش شروع کر دی گئی اور تقریباً نو گھنٹے کی کوششوں کے بعد اسے ضلع سیوان سے بازیاب کروایا گیا۔ ابھی تک ڈانسر گروپ کے کسی رکن کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے اور پولیس اس کی تلاش میں مصروف ہے۔
گوپال گنج کے ایس پی اودھیش ڈکشٹ نے بتایا کہ دولہے کے اغوا کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کی اور اسے جلد بازیاب کروایا۔