پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کا فائنل آج لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوگا.دونوں ٹیمیں فائنل تک پہنچنے کے لیے کئی نشیب و فراز سے گزری ہیں، اور اب ٹائٹل کے حصول کے لیے آخری جنگ لڑیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا فائنل آج کی شب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، قلندرز نے سب سے آخر میں پلے آف میں جگہ بنائی مگر پہلے کراچی کنگز اور بعد میں کوالیفائر 2 میں ٹورنامنٹ کی مضبوط سمجھی جانے والی دفاعی چیمپئن ٹیم اسلام آباد کو مات دے کر فائنل میں جگہ بنائی.
دونوں ٹیمیں فائنل میچ کی تیاری کرنے سے قاصر تھیں۔ لاہور میں کل ہونے والا پریکٹس سیشن تیز آندھی اور بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ خراب موسم کے باعث کپتان کا ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن سٹیڈیم کے بجائے ہوٹل میں ہوا۔
رواں سیزن میں دونوں ٹیمیں دو بار آمنے سامنے ہوئیں۔ پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے 79 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔ پاکستان سپر لیگ میں دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 19 میچز کھیلے گئے جن میں سے لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 9، 9 مرتبہ کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔
جیو نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل فائنل کے دوران پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ اس سے قبل فوج اور فضائیہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا جا چکا ہے۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں فائنل میچ کی اننگز کے وقفے کے دوران خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔