کانز فلم فیسٹیول 2025 میں جہاں کئی بھارتی ستارے اپنی دلکش انداز میں جلوہ گر ہوئے، وہیں بالی ووڈ اداکارہ ادیتی راؤ حیدری نے اپنی سادگی اور ثقافتی وقار سے سب کو حیران کر دیا۔
سرخ چمکدار ساڑھی، مانگ میں سندور اور گلے میں روایتی ہار کے ساتھ انہوں نے عالمی اسٹیج پر بھرپور انداز میں بھارتی ثقافت کی نمائندگی کی، ان کی دلکش تصاویر نے مداحوں کو دیوانہ کردیا۔
ادیتی کی یہ جھلک بدھ کے روز کانز میں دیکھنے کو ملی جس نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا۔ فیشن سے بھرپور ایونٹ میں ان کا روایتی انداز نہ صرف نمایاں رہا بلکہ اس نے مغربی زیبائش کے درمیان مشرقی روایت کی جھلک دکھا دی۔
ان کے شوہر اداکار سدھارتھ نے بھی انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: “کانز میں میرا پیار” اور ساتھ ہی لکھا: “اس سندور کو دیکھو!”
ادیتی نہ صرف فنی دنیا میں مشہور ہیں بلکہ ان کا تعلق تلنگانہ کے واناپرتھی کے شاہی خاندان سے ہے۔ ان کے نانا جیرامیشور راؤ وہاں کے بادشاہ تھے جبکہ ان کے پردادا اکبر حیدری ریاست حیدرآباد کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔ ان کی والدہ بھی ایک شاہی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔
ادیتی کی سدھارتھ کے ساتھ یہ دوسری شادی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی پہلی شادی اداکار ستیہ دیپ مشرا سے 21 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔
فیشن، روایت اور وقار کے اس حسین امتزاج نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ جب کوئی فنکار اپنی ثقافت کو اعتماد کے ساتھ پیش کرتا ہے تو وہ عالمی سطح پر عزت اور تحسین کا مستحق بنتا ہے۔