فیصل آباد: کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس بدھ کی صبح فیصل آباد کے نواحی علاقے دارالاحسان میں ایک ٹرالر سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں انجن سمیت 12 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
حادثہ ریلوے کراسنگ پر اس وقت پیش آیا جب ٹرین کی ٹکر اینٹوں سے لدے ایک ٹرالر سے ہو گئی۔ تصادم کے نتیجے میں تین بوگیاں مکمل طور پر الٹ گئیں جبکہ دیگر کو شدید نقصان پہنچا۔
ٹرین نمبر 27 اپ شالیمار ایکسپریس کو حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی مکمل رفتار سے لاہور کی جانب رواں دواں تھی۔
پولیس اور ریسکیو ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چند کی حالت تشویشناک ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ پٹری کو پانچ سے چھ گھنٹوں میں کلیئر کر لیا جائے گا، جس کے بعد ٹرین سروس بحال کر دی جائے گی۔
ادھر ریلوے حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ٹرالر کی جانب سے ریلوے قوانین کی خلاف ورزی حادثے کا سبب بنی۔
حادثے کے بعد ٹرین کی باقی بوگیوں کو الگ کرکے محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ مسافروں کو متبادل ذرائع سے ان کی منزل کی جانب روانہ کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔