غزہ میں اسرائیلی فوج کی درندگی اور ظلم رکنے کا نام نہیں لے رہا، بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق تازہ فضائی حملوں کے نتیجے میں 80 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں رات گئے کئی گھروں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 50 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں 22 بچے اور 15 خواتین شامل تھیں۔ فضائی حملوں کے بعد جبالیہ اسپتال میں مزید 9 لاشیں لائی گئیں جن میں 7 بچے شامل تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صرف بدھ کے روز اسرائیلی بمباری میں 80 فلسطینی شہید ہوئے۔ منگل کے روز اسرائیلی فوج نے جبالیہ اور اطراف کے علاقوں کے مکینوں کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ دی تھی جس کے بعد اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے شمالی غزہ میں حماس اور دیگر فلسطینی مزاحمتی جنگجوؤں کو نشانہ بنایا۔ اس سے قبل منگل کے روزاسرائیلی فوج نے خان یونس میں واقع یورپی اسپتال کے احاطے پر 9 زیرِ زمین بنکر تباہ کرنے والے بم گرائے تھے۔
ان دھماکوں کے نتیجے میں زمین کئی جگہوں سے پھٹ گئی۔ اس حملے میں 28 فلسطینی شہید اور 70 سے زائد زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے حکام کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک تقریباً 60 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔