پاکستان نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ڈرونز کی مبینہ دراندازی کے الزامات کو سختی سے من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے کبھی کسی ڈرون نے سرحد یا ایل او سی کو عبور نہیں کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا ایک بار پھر بغیر کسی ثبوت کے جھوٹا بیانیہ پھیلا رہا ہے جو کہ اس کی پرانی روش کا تسلسل ہے۔
سیکورٹی حکام نے مزید بتایا کہ پاکستان ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کر رہا ہے۔ اس کے برعکس بھارتی افواج خود مسلسل ڈرونز کے ذریعے جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے یہ الزامات ایک وسیع تر پروپیگنڈہ مہم کا حصہ معلوم ہوتے ہیں جس کا مقصد اپنی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا اور پاکستان کو بلاجواز نشانہ بنانا ہے۔
پاکستان نے ایک بار پھر خطے میں امن اور استحکام کے عزم کو دہراتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے میڈیا کے ذریعے غلط معلومات اور افواہوں کا سلسلہ بند کرے۔
یاد رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد سے بھارت مسلسل جھوٹا بیانیہ گھڑ رہا ہے۔ 9 مئی کو پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں بھارت کی طرف سے بھیجے گئے اسرائیلی ساختہ ڈرونز مار گرائے۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا تھا کہ پاکستان کا فضائی دفاعی نظام ہر وقت بھارتی ڈرونز کی نگرانی کر رہا ہے، یہاں تک کہ انتہائی چھوٹے بغیر پائلٹ والے فضائی آلات کو بھی ٹریک کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں داخل ہونے والے تمام ڈرونز ریڈار پر مسلسل نظر میں رہتے ہیں اور ان کی شناخت کے بعد آپریشنل پروٹوکول کے مطابق ان کا شہری علاقوں یا تجارتی پروازوں کے قریب ناکارہ بنایا جانا یقینی بنایا جاتا ہے۔