کراچی: صوبائی وزیر ثقافت ذوالفقار علی شاہ نے “سندھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام” شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد صوبے بھر میں مقامی ٹیلنٹ کو سامنے لانا، ثقافتی ورثے کی حفاظت کرنا اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر برائے ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس میں کئی اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں “سندھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام” کے آغاز کی منظوری دی گئی جس کے تحت سندھ بھر سے ثقافتی صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں کی تلاش اور تربیت کی جائے گی۔
سیاحت کو فروغ دینے کے لیے صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر ریزورٹس کی قیمتیں کم کرنے اور مفت انٹرنیٹ سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا، تاکہ سیاحوں کا تجربہ بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ تھرپارکر میں جیپ ڈیزرٹ سفاری اور کیمپنگ پروگرامز کے آغاز کی بھی منصوبہ بندی جاری ہے۔
تاریخی ریکارڈز کے تحفظ کے لیے سندھ آرکائیوز کو برٹش لائبریری سے ڈیجیٹل طور پر منسلک کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اجلاس میں جاری ثقافتی ڈیجیٹائزیشن منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی جن میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری کو موبائل ایپلی کیشن میں ڈھالنے اور موئن جو دڑو کی تاریخ کو 15 سے زائد زبانوں میں ترجمہ کرنے کے منصوبے شامل ہیں۔
تاریخی عمارات کی مسماری پر رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی جائے گی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات بھی متوقع ہیں۔