بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے زبردست اور منہ توڑ ردعمل دیا ۔
قومی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارتی افواج نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات کنٹرول لائن پر پاکستانی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی جس پر پاک فوج نے فوری اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے نکیال، کھوئی رٹہ، شاردا، کیل، نیلم اور حاجی پیر کے سیکٹروں میں بلا جواز فائرنگ کی۔ ان تمام علاقوں میں پاک فوج نے بھرپور طاقت کے ساتھ دشمن کی گولہ باری کا جواب دیا۔
سیکورٹی حکام نے مزید کہا کہ پاک فوج مکمل تیاری، مستعدی اور جذبہ حوصلہ کے ساتھ ہر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت اور عزم رکھتی ہے۔
گزشتہ برسوں میں لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی معمول بن چکی ہے جن میں عموماً آزاد کشمیر کے رہائشی اور پرامن دیہاتی علاقے نشانہ بنتے ہیں۔
پاکستان ان بھارتی اقدامات کو نہ صرف 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی سمجھتا ہے بلکہ عالمی ضابطوں اور انسانی حقوق کی پامالی کے مترادف بھی قرار دیتا ہے۔
بھارتی جارحیت سے نہ صرف بے گناہ شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑتی ہیں بلکہ خطے کے امن و استحکام کو بھی شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
پاکستان کا مؤقف ہے کہ بھارت کی جانب سے ایسی اشتعال انگیزی عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہٹانے اور سرحدی کشیدگی میں اضافہ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔