آسٹریلیا کے جنگلوں میں لگنے والی آگ کے باعث اب تک 24 افراد ہلاک ہوئے جبکہ جنگلوں کے آس پاس موجود 1400 سے زائد گھر بھی تباہ ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے جنگلوں میں آگ لگنے کی وجوہات اب تک معلوم نہیں ہوسکیں جبکہ گزشتہ چند ماہ قبل چند درختوں سے شروع ہونے والی معمولی آتشزدگی خوفناک آگ کا روپ دھار چکی ہے جس کے خلاف آسٹریلوی فائر فائٹرز بھی حرکت میں آچکے ہیں۔
ملک کے جنوب مغربی جنگلوں میں لگنے والی آگ بڑی تیزی سے پھیلتی چلی گئی جس سے بچنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں عوام نے ساحلِ سمندر کا رخ کر لیا، جبکہ اس دوران آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں فائر فائٹرز عملے کا ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
جنگلوں میں لگنے والی آگ کے باعث کم از کم 50 کروڑ جانوروں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی جس نے ہر باشعور انسان کو چونکا دیا۔ہلاک ہونے والے 50 کروڑ مختلف جانوروں میں کنگروز کے ساتھ ساتھ کم از کم 8000 کوالاز شامل ہیں۔
آتشزدگی کے باعث کم از کم 55 لاکھ ہیکٹرز کے رقبے پر پھیلے ہوئے جنگلات راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے ہیں جبکہ ایک کروڑ کے قریب لوگ بڑے پیمانے پر پھیلی ہوئی آگ سے پیدا ہونے والے دھویں کے باعث سانس کی شدید بیماریوں کا شکار ہیں۔
آگ لگنے کے اس سانحے میں نازک مزاج جانور کوالا کی 8000 کی تعداد میں ہلاکت اپنی جگہ ایک افسوسناک خبر ہے جنہیں آزاد رکھ کر ہی زندگی کے قریب لایا جاسکتا ہے۔ کوالاز کا فنگر پرنٹ بالکل انسان کی طرح ہوتا ہے، تاہم یہ انسانی قید میں بہترین دیکھ بھال کے باوجود بھی بیمار ہو کر چل بستے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے آگ بجھانے کے عمل میں مدد کے لیے فوج طلب کر لی ہے۔ انہوں نے 3000 سپاہیوں کو فائر بریگیڈ کی مدد کے لیے بلا لیا جبکہ آسٹریلوی شہر کینبرا میں دنیا کی بد ترین فضائی آلودگی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آگ سے بچاؤ کے لیے علاقہ مکینوں کو اپنے گھروں کو چھوڑ کر باہر نکلنے سے اجتناب کی ترغیب دی گئی ہے جبکہ آسٹریلین ائیر لائن کنتاس نے شہر سے آج کے دن کے اپنے فضائی آپریشن مکمل طور پر منسوخ کردئیے ہیں ۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی میں تقریباً ایک ہی وقت 2 مقامات پر لگنے والی آگ محکمۂ فائر بریگیڈ کے لیے چیلنج بن گئی، آگ نارتھ ناظم آباد اور سہراب گوٹھ کے علاقوں میں لگی۔
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں واقع آئل ڈپو میں 28 دسمبر کو نامعلوم وجوہات کے باعث آگ لگی جسے بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کا عملہ موقعے پر پہنچ گیا۔
مزید پڑھیں: ایک ہی وقت 2 مقامات پر لگنے والی آگ چیلنج بن گئی