خیبر پختونخوا میں جمرود کے علاقے پمپ ہاؤس گنڈی میں گزشتہ ہفتے منکی پاکس کا ایک کیس رپورٹ ہونے کے بعد ضلع خیبر کی انتظامیہ نے مذکورہ علاقے میں 12 دن کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں جمعرات کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پمپ ہاؤس کی طرف جانے اور وہاں سے نکلنے والے تمام راستے اس مدت کے دوران بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا مقصد بیماری کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران اشیائے خورونوش کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز اور جنرل اسٹورز کھلے رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ نے اس نوٹیفکیشن میں اسسٹنٹ کمشنر جمرود اور پولیس کو ہدایت دی ہے کہ لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔