مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور ظلم و ستم جاری، عالمی برادری آج بھی خاموش

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مقبوضہ جموں و کشمیرمیں تاریخِ انسانی کا بد ترین اور طویل ترین کرفیو آج بھی جاری ہے جس کے دوران مظلوم کشمیری انصاف کےمنتظر ہیں تاہم عالمی برادری اس ظلم و ستم پر آج بھی خاموش ہے۔ 

نئےسال کی آمد کے باوجود بھارت کی مودی حکومت نے مقبوضہ وادی میں نظامِ زندگی کو مفلوج کر رکھا ہے، عوام ٹرانسپورٹ اور مواصلات کی سہولیات سے محروم ہیں۔ 

جموں و کشمیر میں   نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کا ظلم و ستم  بھی جاری ہے جبکہ  غیر انسانی کرفیو کے خلاف عالمی برادری کی طرف سے مظلوم کشمیریوں کے حق میں کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ 

مظلوم کشمیریوں پر نافذ کرفیو  کے دوران آمدورفت، ذرائع نقل و حمل اور دیگر پابندیوں کے باعث مقبوضہ وادی میں رہنے والوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی۔ 

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق  بھارت کی طرف سے   انٹرنیٹ اور پری پیڈ موبائل فون سروسز کی معطلی کے باعث لوگوں خاص طور پر پیشہ ور افراد،طلباء، صحافیوں، ڈاکٹروں اور تاجروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

وادی میں کھانے پینے کی اشیاء، اشیائے ضروریہ اور خوراک کی شدید قلت ہے جبکہ نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر پکڑ دھکڑ، تشدد اور قتل و غارت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

موسمی حالات بھی کشمیریوں کے حق میں نہیں، مظلوم عوام کو وادی میں جاری سخت سردی اور برف باری کا سامنا ہے جس کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال مزید تشویشناک ہوچکی ہے۔   

نریندر مودی حکومت کی طرف سے آرٹیکل 370 اے کے خاتمے کے بعد کشمیر کی آئینی حیثیت 5 اگست کو ہی تبدیل کردی گئی تھی ، تاہم بھارتی قوانین کا باقاعدہ نفاذ 31 اکتوبر کو عمل میں لایا گیا۔

بد ترین کرفیو کے باعث کشمیریوں کو آمدورفت، باہمی رابطوں، کاروبار اور تعلیم کی بندش کا سامنا ہے۔ روزگار منقطع ہونے کے باعث ضروریاتِ زندگی کے لیے معاشی مسائل شدت اختیار کرچکے ہیں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل  حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے سال 2019کو مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کیلئے بد ترین سال قرار دیا اور دعا کی کہ  نیا سال امن کا سال ثابت ہو۔

نئے سال کی آمد کے موقع پر یکم جنوری کو اپنے ٹویٹر پیغام میں مشعال ملک نے امید ظاہر کی کہ 2020شائد 2019کے کشمیری متاثرین کیلئے پُر امن ثابت ہو جو کہ تاریخ کا سیاہ ترین باب تھا۔

مزید پڑھیں: سالِ نو کے موقعے پر مشعال ملک کی دُعا

Related Posts