اسلام آباد: قومی اسمبلی اور سینیٹ کے آج ہونے والے اجلاس پیر تک کے لیے ملتوی کردیے گئے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے جانب سے جاری بیان کے مطابق قومی اسمبلی کا 4 جنوری کودن 11 بجے ہونے والااجلاس ملتوی کردیا گیا ہے اور اب یہ اجلاس پیر کی شام 4 بجے ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرقومی اسمبلی کے طریقہ کار کے قاعدہ 49 کے سب رول 2 کے تحت تفویض اختیارات کے تحت اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی کرنے کے مجاز ہیں۔
دوسری جانب ایوانِ بالا کے جاری اعلامیے کے مطابق سینیٹ کا چار جنوری کو سہہ پہر تین بجے ہونے والا اجلاس بھی مؤخر کردیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق اب یہ اجلاس پیر کی دوپہر تین بجے منعقد ہوگا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی اورسینیٹ میں آرمی ترمیمی ایکٹ بل منظوری کے لیے پیش کیا جاناتھا تاہم اجلاس ملتوی ہونے کے بعد اب یہ بل پیر کوپیش کیاجائے گا۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چار اراکین قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے ہیں جن میں شاہد خاقان عباسی ، سابق وفاقی وزرا سعد رفیق ، احسن اقبال اورسیدخورشید شاہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی نے زیرحراست 4 اراکین قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کردیے
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی اور سینیٹ کی مشترکہ قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2020، ائیرفورس ایکٹ ترمیمی بل 2020 اور نیوی ایکٹ ترمیمی بل 2020 کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی تھی ۔
مزید پڑھیں: قائمہ کمیٹی برائےدفاع نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا