ملکی معیشت کیلئے خوشخبری سامنے آگئی، وزیرستان کی لوکارٹ فیلڈ سے تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ ماڑی انرجیز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق ماڑی انرجیز کے اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ وزیرستان کی لوکارٹ فیلڈ سے تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ لوکارٹ فیلڈ کے کنویں سے یومیہ 476 بیرل خام تیل نکالا جاسکے گا۔
ماڑی انرجیز کے خط میں مزید کہا گیا کہ لوکارٹ فیلڈ کے سپین وام ون کنویں سے چوتھی بار گیس کے ذخائر ملے ہیں جن سے مجموعی طور پر 99اعشاریہ 6ایم ایم سی ایف ڈی گیس نکالی جائے گی۔تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت سے ملک بھر میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ لوکارٹ فیلڈ سے نئے ذخائر کی دریافت ملکی معیشت کیلئے اہم خوشخبری ہے جبکہ پاکستان پہلے ہی توانائی کے بحران کا سامنا کررہا ہے۔واضح رہے کہ لوکارٹ فیلڈ سے قبل بھی تین بار کامیاب دریافتیں ہو چکی ہیں۔ وزیرستان بلاک میں ماڑی انرجیز کا ورکنگ انٹرسٹ 55 فیصد ہے، جی ڈی سی ایل کا 35 فیصد جبکہ اورین پٹرولیم کا 10 فیصد حصہ ہے۔