لاہور: ابوظہبی سے آنے والی ایک خاتون مسافر نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز افسر کو تھپڑ مار دیا جس کے بعد حکام نے خاتون کو حراست میں لے لیا۔
ابوظہبی سے آنے والی خواتین مسافروں اور کسٹمز عملے کے درمیان جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب کسٹمز اہلکاروں نے اُن کے سامان میں شامل دلہن کے لہنگوں کی کلیئرنس پر سوال اٹھائے۔
بحث و تکرار کے بعد معاملہ بگڑ گیا اور ایئرپورٹ کے امیگریشن ہال میں شور شرابہ، دھینگا مشتی اور بدنظمی دیکھنے میں آئی۔
عینی شاہدین اور ذرائع کے مطابق ایک خاتون مسافر نے کسٹمز اہلکار کو تھپڑ مارا جس کے بعد صورتحال مزید خراب ہو گئی اور جواباً ایک خاتون کسٹمز اہلکار نے مسافر کو بالوں سے پکڑ کر کھینچا جبکہ ایک اور مسافر نے مبینہ طور پر اہلکاروں پر جوتے سے حملہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جھگڑے کی مکمل ویڈیو سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہو چکی ہے۔
واقعے میں ملوث خاتون مسافر کو کسٹمز حکام نے موقع پر ہی حراست میں لے لیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق، تنازعہ اس وقت پیدا ہوا جب مسافروں نے اپنے سامان کی جانچ اور کلیئرنس کے عمل میں تعاون سے انکار کیا۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔