پاکستانی عوام آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ عیدالفطر منا رہے ہیں۔ ملک بھر کی مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید ادا کی گئی جس میں ملکی سلامتی، خوشحالی اور تمام مسلمانوں، خصوصاً فلسطینی بھائیوں کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
سرکاری ریڈیو پاکستان کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے قوم کو عید کی دلی مبارکباد دی۔اپنے پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے عید کے موقع پر خوشی، شکر گزاری، اتحاد اور ہمدردی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
صدر آصف زرداری نے یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے بھی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں آزادی عطا کرے اور وہ بھی امن کے ساتھ عید کی خوشیاں مناسکیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے لاحق خطرات پر تشویش ظاہر کی۔
انہوں نے انتہا پسندی، فرقہ واریت اور نفرت کے خلاف قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ملک کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہمیں چوکنا رہنا ہوگا۔
انہوں نے حکومت کے اقتصادی بحالی، امن و امان کے قیام اور سماجی ہم آہنگی کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔