نامور پروڈیوسر روی شنکر نے تصدیق کی ہے کہ فلم ’پشپا 3، دی رمپیج‘ سال 2028 میں ریلیز ہوگی، اللو ارجن کی یہ فلم بھارتی سنیما کی سب سے بڑی سیریز میں شامل ہونے کا امکان ہے۔
یہ پہلا موقع ہے جب پروڈیوسر نے ’پشپا 3‘ پر کھل کر بات کی ہے۔ اس سے قبل فلم کے اختتامی کریڈٹس میں اس کے تیسرے حصے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم فلم کے بارے میں زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔
گزشتہ سال دسمبر میں ریلیز ہونے کے بعد ’پشپا 2‘ بھارت کے اندر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی تھی۔ راشمیکا مندانا اور فہد فاضل کی مرکزی اداکاری سے سجی اس فلم نے 12 ارب 34 کروڑ 10 لاکھ روپے بھارت میںجبکہ 17 ارب 42 کروڑ 10 لاکھ روپے دنیا بھر میں کمائے۔
روی شنکرجو اتوار کے روز اپنی نئی فلم ’رابن ہڈ‘ کے ایک میڈیا ایونٹ میں شریک تھے، نے بتایا کہ اللو ارجن اس وقت دو بڑے پروجیکٹس میں مصروف ہیں اور وہ ان کے مکمل ہونے کے بعد ’پشپا 3‘ پر کام شروع کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ ’پشپا 3‘ کا منصوبہ تیار ہے! اللو ارجن اس وقت ہدایتکار ایٹلی کمار اور تری وکرم سرینواس کے ساتھ دو فلموں میں مصروف ہیں۔ ’پشپا 3‘ ان دونوں کے بعد آئے گی۔ ان فلموں کو مکمل کرنے میں کم از کم دو سال لگیں گے۔
پروڈیوسر نے مزید کہا کہ ’پشپا 2: دی رول‘ کئی وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئی لیکن ’پشپا 3‘ کے ساتھ ایسا نہیں ہوگا۔ “ہم پہلے کی طرح زیادہ تاخیر نہیں کریں گے بلکہ امید ہے کہ تین سال میں فلم مکمل کر لیں گے اور یہ 2028 میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔”