کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران درجہ حرارت میں معمولی کمی متوقع ہے،موسمیاتی ماہرین نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر میں درجہ حرارت ایک سے دو ڈگری سینٹی گریڈ تک کم ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہواؤں کی سمت میں تبدیلی کے باعث آج سے شہر میں موسم خشک رہے گا۔ دن کے اوقات میں کراچی میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فی الحال درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، آسمان جزوی طور پر ابر آلود ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ہے۔ہوائیں شمال مشرق کی سمت سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم رہاتاہم کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب، اسلام آباد اور بالائی خیبر پختونخوا کے چند مقامات پر بارش اور گرج چمک دیکھی گئی۔
ملک کے مختلف شہروں میں بارش ریکارڈ کی گئی جن میں پنجاب کے ملتان میں 12 ملی میٹر، جہلم میں 3 ملی میٹر، ڈی جی خان میں 3 ملی میٹر، راولپنڈی (چکلالہ) میں 2 ملی میٹر اور اسلام آباد (زیرو پوائنٹ، بکرہ) میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔
کشمیر میں مظفر آباد (ائیرپورٹ) میں 8 ملی میٹر، شہر میں 6 ملی میٹر، راولا کوٹ میں 4 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ میں 2 ملی میٹر اور کوٹلی میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
خیبر پختونخوا کے علاقے بالاکوٹ میں 7 ملی میٹر اور مالم جبہ میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔ گلگت بلتستان میں استور میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔