پشاور کے علاقے ارمڑ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے مفتی منیر شاکر انتقال کر گئے ہیں۔
مفتی منیر شاکر کے ساتھ تین مزید افراد زخمی ہوئے تھے، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں مفتی منیر شاکر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملے۔
تھانہ ارمڑ کے ایس ایچ او نور محمد کے مطابق مفتی منیر شاکر کے حجرے کے مرکزی دورازے کے قریب دیسی ساختہ بارودی مواد کا دھماکا ہوا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں خوشحال، عابد اور سید نبی بھی شامل ہیں۔
واقعے کے بعد تھانہ ارمڑ کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی یو) اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے افسران بھی موقع پر موجود تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔