آغا خان سوم سے پرنس رحیم آغا خان تک

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پرنس کریم آغا خان اسماعیلی مسلم جماعت کے انچاسویں امام ایک ایسا تابندہ اور چمکتا دمکتا ستارہ ہیں جو انسانیت کے افق  پر ہمیشہ درخشاں، زندہ و تابندہ رہے گا، جن کا تعلق خاندان کی اس عظیم روحانی روایت سے ہے جو خدمتِ انسانی، فلاح و بہبود، تعلیم اور عالمی ترقی کی سنہری علامت بن چکی ہے۔

ان کے عظیم المرتبت دادا آغا خان سوم برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی، سماجی، اور تعلیمی ترقی کے بانیوں میں سے ایک سمجھے جاتے ہیں اور بلاشبہ آغا خان خاندان نے ایسے ایسے کارہائے نمایاں انجام دئیے کہ ان کو رہتی دنیا تک ہمیشہ یاد کیا جاتا رہے گا اور ان کی بے لوث خدمت اور عظیم کامیابیوں کی داستان ہمیشہ رقم کی جاتی رہے گی۔

آغا خان سوم، جو 1877 میں پیدا ہوئے، برصغیر کے مسلمانوں کے لیے روشنی کی ایک ایسی کرن ثابت ہوئے جس نے غلامی کے اندھیروں میں امید کی شمع روشن کی۔ وہ آل انڈیا مسلم لیگ کے پہلے صدر منتخب ہوئے اور اپنی حکمت و تدبر سے برطانوی حکومت کے ساتھ مذاکرات میں مسلمانوں کے سیاسی، تعلیمی اور معاشرتی حقوق کا بڑی خوبصورتی اور کامیابی کے ساتھ دفاع کیا۔ ان کی شخصیت سیاسی بصیرت، شاندار سفارتکاری، اور علمی عروج کا ایک ایسا حسین امتزاج تھی جس کی بدولت  وہ نہ صرف ایک زبردست رہنما بلکہ ایک اعلیٰ درجہ کے مفکر، مدبر، اور مصلح بھی ثابت ہوئے۔

آغا خان سوم  کا ویژن مسلمانوں کی محض سیاسی خودمختاری تک محدود نہ تھا بلکہ وہ ان کی تعلیمی ترقی کے بھی زبردست داعی رہے جس کا  علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ترقی میں  ناقابلِ فراموش کردار اور تعلیمی اداروں کے قیام میں ان کی محنت آج بھی مسلم دنیا کے لیے کسی مشعلِ راہ سے کم نہیں۔ آغا خان سوم  کی دور اندیشی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اسماعیلی جماعت کو گوادر اور ہنزہ  جیسے علاقوں میں  جائیدادیں بیچنے سے روک دیا ، کیونکہ انہیں اندازہ تھا کہ یہ علاقے مستقبل میں کتنے اہم ہوں گے۔ آج چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) میں گوادر کی اہمیت ان کے وژن کی عظمت کو ثابت کرتی ہے۔

آغا خان خاندان کا ہر فرد دنیا میں علم، سخاوت اور انسانی فلاح و بہبود کی شمع روشن کرتا آیا ہے جبکہ آغا خان سوم کی وفات کے بعد ان کے پوتے پرنس کریم آغا خان نے اس عظیم روایت کو نہ صرف برقرار رکھا بلکہ اسے مزید جِلا بخشی۔اپنی پوری زندگی کے دوران محترم پرنس کریم آغا خان کے دل میں خدمت کا جذبہ ایک شعلہ جوالہ کی مانند بھڑکتا اور روشنی بکھیرتا نظر آیا جو آنے والے وقت میں بھی اپنی اہمیت ثابت کرتا رہے گا۔

جناب آغا خان چہارم کی خدمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اپنی سلور جوبلی کے موقع پر پرنس کریم آغا خان  نے انہیں دی گئی اپنے وزن کے برابر چاندی عطیہ کی تاکہ فلاحی منصوبے ترقی پا سکیں۔ جب ان کی گولڈن جوبلی آئی، تو انہوں نے اپنا وزن جتنا ملنے والا سونا عطیہ کیا اور اسی عطیے کی بدولت کراچی میں آج کا معروف آغا خان ہسپتال وجود میں آیا۔ یہ ادارہ صحت کے شعبے میں ایک ایسی روشنی ہے جو ہر خاص و عام کو معیاری علاج معالجے  کی سہولیات فراہم کررہا ہے جن کے معیار کا دور دور تک کوئی ثانی نہیں۔

ماضی قریب میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں جب امن و امان کی صورتِ حال خراب ہوئی اور عوام الناس میں اضطراب، بے یقینی اور بے قراری پیدا ہوئی تو پرنس کریم آغا خان نے اپنے پیروکاروں کو تسلی دی اور انہیں ہجرت کرنے کے بجائے اپنے وطن کی ترقی میں حصہ لینے کی تلقین کی۔ آج آغا خان چہارم کے اعتماد کی روشنی میں کراچی ایک بار پھر معاشی، تعلیمی، اور سماجی ترقی کی راہ پر گامزن ہے جو ان کی قیادت کی ایک ایسی طاقت ہے جو مایوسی کو امید میں بدلتی اور کمزوروں کو حوصلہ دیتی ہے۔

آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) دنیا بھر میں انسانی فلاح کے منصوبے چلا رہا ہے، جس میں تعلیم، صحت، ثقافت، زراعت، اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی شامل ہے۔ ان کے قائم کردہ تعلیمی ادارے آج دنیا کے اعلیٰ ترین معیارات پر پورا اتر رہے ہیں اور ان کی صحت کے شعبے میں خدمات نوبیل انعام یافتہ منصوبوں سے کسی طرح کم نہیں۔ان کے صاحبزادے شہزادہ رحیم بھی انہی اصولوں پر عمل پیرا ہیں  جنہیں پرنس کریم آغا خان نے اسماعیلی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی زندگی میں اپنا وصیت نامہ تحریر کرکے اسماعیلی جماعت کا اگلا امام مقرر کردیا تھا، یہ الگ بات کہ روایت کے مطابق آپ کی وصیت آپ کے انتقال کے بعد سامنے لائی گئی ۔

پرنس رحیم آغا خان  خصوصاً ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم عالمی مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور کاربن کے اخراج کو صفر پر لانے کے لیے بے شمار اقدامات اٹھا رہے ہیں۔دراصل آغا خان خاندان کی قیادت محض روایتی نہیں بلکہ عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔ ان کی سوچ محدود نہیں بلکہ ایک عالمگیر ویژن رکھتی ہے، جہاں خدمت، ترقی اور انصاف کو بنیادی اصول قرار دیا گیا ہے۔ پرنس رحیم الحسینی جنہیں دنیا اب آغا خان پنجم کے نام سے جانتی ہے، وقت، علم اور نیٹ ورک (TKN) کے اصول کو ترویج دے رہے ہیں، جس کا مقصد ہر اسماعیلی کو ایک دوسرے اور بنی نوع انسان کی مدد کے ذریعے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

آغا خان خاندان کی خدمات کا احاطہ کرنا کسی ایک مضمون میں ممکن نہیں، کیونکہ ان کے عظیم کارنامے تاریخ انسانی کیلئے ہمیشہ یادگار بلکہ سنہری حروف سے لکھے جائیں گے اور انہیں ہر دور میں یاد کیا جائے گا۔ آغا خان سوم نے جس تحریک کا آغاز کیا تھا، ان کی بے مثال قربانیوں اور پرنس کریم آغا خان کی فلاحی خدمات نے نہ صرف اسماعیلی جماعت بلکہ پوری دنیا کے لیے روشنی کے مینار قائم کیے ہیں۔ اب یہ روشن چراغ پرنس رحیم آغا خان پنجم کے ہاتھ میں ہے، جو اسے مزید بلند مقام تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

آغا خان خاندان کی خدمات ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ حقیقی قیادت سرحدوں سے بالاتر ہوتی ہے اور اس کا سب سے اعلیٰ اظہار دوسروں کی خدمت میں ہوتا ہے۔ ان کا سفر جاری ہے، اور ان کی نورانی روشنی ہمیشہ انسانیت کے لیے امید، محبت اور ترقی کی علامت بنی رہے گی۔ جیسا کہ پرنس رحیم آغا خان نے اپنے پیروکاروں کو جاری کردہ پہلے حکم نامے میں کہا۔

پرنس رحیم آغا خان نے اسماعیلی جماعت کو توحید پر کاربند رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ توحید شیعہ اسماعیلی طریقت کا بنیادی اصول ہے۔پیروکار دین و دنیا میں توازن کے ساتھ زندگی گزاریں۔ آج کی دنیا میں حالات نازک ہیں، مجھے خدشہ ہے کہ یہ حالات کچھ وقت تک اسی طرح رہیں گے۔ موجودہ صورتحال میں کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ تعلیم اور مہارتوں میں سرمایہ کاری کی جائے۔ خصوصی طور پر ٹیکنالوجی اور زبان کے شعبوں پر زیادہ توجہ دی جائے۔ محنت کریں، اپنے اردگرد کی دنیا سے باخبر رہیں تاکہ آپ مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے اپنے اپنے ممالک کے فعال شہری بن سکیں۔ میرے والد مرحوم دور اندیش رہنما تھے جو کئی نسلوں کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے دادا کی طرح ایک  عظیم وراثت چھوڑ کر گئے ہیں۔ اپنے والد کی تدفین اور آخری رسومات کیلئے بہترین انتظامات پر پرتگال اور مصر کی حکومت کا شکر گزار ہوں۔

پاکستان آغا خان کے آباو اجداد کا بنیادی ملک ہےاور پاکستان میں اسماعیلی برادری کی کثیر تعداد اس بات کی غماز ہے کہ انہیں پاکستان سے انسیت و محبت اور ایک لگاؤ ہے۔ پاکستان میں آغا خان خاندان کی بے لوث خدمت کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ان کے نئے امام اور انسانیت کے متحرک رہنما سے استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے پاکستان، خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبوں میں، پرنس رحیم آغا خان کے روشن خیالات اور فلاحی وژن سے رہنمائی حاصل کرکے ایک ارتقائی راہ متعین کر سکتا ہے۔ مزید برآں، پاکستان کو وقت ضائع کیے  ایک ایسا ماحول فراہم کرنا چاہئے جونئے امام کو کراچی کے قریب سپر ہائی وے کے کسی موزوں علاقے میں اپنا ونٹر کیپٹل قائم کرنے پر راغب کرے، تاکہ وہ لزبن کی سخت سردیوں میں پاکستان کو اپنا دوسرا گھر بنا سکیں جہاں ان کے پیروکاروں کو بھی قلبی سکون  اور اپنے روحانی پیشوا کے درشن حاصل کرنے میں آسانی ہوسکے۔

مجھے یقین ہے کہ ایسے منصوبے کے اعلان کے فوراً ہی بعد دنیا بھر میں پھیلے ہوئے 15 ملین سے زائد اسماعیلیوں کی کثیر تعداد سمر کیپٹل کے قریب  بسنے کی خاطر  پاکستان کی سرزمین پر سرمایہ کاری کرنے اور ترقی کی نئی راہیں کھولنے کیلئے بے تاب ہوگی۔ اس سے نہ صرف ملکی معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان آغا خان پنجم کی بصیرت سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر ایک فلاحی اور ترقی پسند ریاست کے طور پر اپنی الگ پہچان بنانے میں کامیابی حاصل کرسکے گا۔

Related Posts