ملک کے متعدد علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے جبکہ سردی کے موسم میں درجۂ حرارت ناقابلِ یقین حد تک گر گیا جس سے شہروں میں سردی کے ریکارڈز ٹوٹ گئے۔
ملک کے گرم ترین علاقے سبی میں سردی کا ایک صدی پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ داتا کی نگری لاہور میں دسمبر سال بھر کا سرد ترین مہینہ ریکارڈ کیا گیا۔
لاہورمیں درجہ حرارت ناقابلِ یقین حد تک گر گیا ہے جس کے باعث سردی کا 17 سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے۔ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی شدید سردی ہے۔ سردی کے باعث شہریوں نے بلا ضرورت گھروں سے نکلنا چھوڑدیا۔
پشاور اور کوئٹہ کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں میں بھی شدید سردی کا راج ہے جبکہ آئندہ چند روز تک محکمہ موسمیات کی طرف سے بھی سردی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں بھی شدید سردی ہے۔ سب سے زیادہ سردی کے پی کے کے علاقے بنوں میں ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت منفی 4 تک گر گیا۔ زیارت منفی 6، قلات منفی 2 اور کوئٹہ میں 1 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
ملک کا سرد ترین مقام اسکردو ہے جہاں درجہ حرارت منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے جبکہ لینڈ سلائڈنگ کے باعث گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کا رابطہ ملک کے دیگر علاقوں سے کٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخواہ کے پہاڑی علاقوں، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری بھی ہوسکتی ہے۔
پیشگوئی کے مطابق پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں، جبکہ خیبر پختونخواہ کے بعض میدانی اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج سرد اور خشک رہے گا جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔