حکومت نے نئے سال پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، ہائی اسپیڈ ڈیزل اورپیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ہوگیا۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 96 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 56 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 258 روپے 34 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ پیٹرول کی نئی قیمت 252 روپے 56 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
پیٹرول بنیادی طور پر نجی نقل و حمل، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں میں استعمال ہوتا ہے۔ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں متوسط اور نچلے متوسط طبقے کے بجٹ پر گہرا اثر ڈالتی ہیں، جو عموماً آمدورفت کے لیے پیٹرول پر انحصار کرتے ہیں۔
کیا آپ جانتے ہیں زمین کے نیچے کتنے سو سال تک انسانی ضرورت کا ایندھن موجود ہے؟
دوسری طرف، ٹرانسپورٹ سیکٹر کا بڑا حصہ ہائی اسپیڈ ڈیزل استعمال کرتا ہے، جس کی قیمت میں اضافہ ٹرانسپورٹیشن کے مجموعی اخراجات کو بڑھا دیتا ہے۔
یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک کی معاشی صورتحال پہلے ہی دباؤ کا شکار ہے اور عام عوام اس فیصلے سے مزید مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے۔