مشہور ماڈل و ڈانسر ملائکہ اروڑا ارجن کپور سے علیحدگی کے بعد ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں کیونکہ ان کے نئے تعلقات کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔
یہ قیاس آرائیاں اس وقت شروع ہوئیں جب ملائکہ کو حال ہی میں گلوکار اے پی ڈھلوں کے کنسرٹ میں اسٹائلسٹ راہول وجے کے ساتھ دیکھا گیا۔ ان افواہوں کو مزید تقویت ملی جب راہول نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک تصویر شیئر کی۔
پوسٹ میں وہ اور ملائکہ موجود تھے، اور کیپشن دیا: “انتظار کریں، کیا یہ ملائکہ کا کنسرٹ تھا؟” اس پوسٹ نے لوگوں کو یہ یقین کرنے پر مجبور کیا کہ ان دونوں کے درمیان کوئی رومانوی تعلق ہو سکتا ہے۔
راہول وجے کون ہیں؟
راہول وجے فیشن انڈسٹری کی مشہور شخصیت ہیں۔ انہوں نے فیشن ڈیزائننگ میں گریجویشن مکمل کیا اور ایک کامیاب اسٹائلسٹ اور کری ایٹو کنسلٹنٹ کے طور پر کیریئر بنایا۔
راہول نے 2011 میں ہارپرز بازار انڈیا میں انٹرن کے طور پر کام شروع کیا اور بعد میں فیشن ایڈیٹر بن گئے۔ انہوں نے ایلے انڈیا اور جی کیو انڈیا کے لیے سینئر فیشن ایڈیٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
2021 میں انہوں نے پبلشنگ انڈسٹری چھوڑ کر آزادانہ طور پر کام کرنا شروع کیا۔ راہول ان تین تخلیقی ڈائریکٹرز میں سے ایک ہیں جو لکشمی فیشن ویک کے لیے خدمات انجام دیتے ہیں اور مختلف ڈیزائن ہاؤسز، مشہور شخصیات اور برانڈز کے لیے فری لانس کام کرتے ہیں۔
راہول نے بالی وڈ کے کئی ستاروں کے ساتھ کام کیا ہے، جن میں سارہ علی خان، وکی کوشل، آتھیا شیٹھی اور ورون دھون شامل ہیں۔ وہ ملائکہ اروڑا کے سابق پارٹنر ارجن کپور کے لیے بھی اسٹائلنگ کر چکے ہیں۔
ایک قریبی ذرائع نے ملائکہ کے نئے تعلقات کی افواہوں کو “مضحکہ خیز اور بے بنیاد” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ ذریعے نے وضاحت کی کہ ملائکہ “خوش اور سنگل” ہیں اور کسی کے ساتھ ڈیٹنگ نہیں کر رہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ راہول وجے صرف ایک اسٹائلسٹ اور ملائکہ کے بیٹے ارہان خان کے دوست ہیں اور راہول کی شیئر کردہ تصویر ان کی “سادہ دوستی” کی عکاسی کرتی ہے۔