بھارت میں مشتعل ہجوم کی جانب سے بنگلادیشی قونصل خانے پر دھاوے کے بعد پاکستان میں بنگلا دیش کے اعلیٰ سفارت کار کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے۔
اسلام آباد میں بنگلا دیشی اعلیٰ سفارت کار کو دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے معاملے کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق سفارت کار نے بتایا کہ بعض نامعلوم افراد پیچھا کرکے نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ پیچھا کرنے والے افراد نے سفارت کار کی تصاویر بھی کھینچیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بنگلادیش میں ہندو اقلیت کے ساتھ بدسلوکی کے بھارتی میڈیا کے شر انگیز پروپیگنڈے کے بعد بھارتی ریاست تریپورہ کے شہر اگرتلہ میں بنگلادیشی قونصل خانے پر ہندو انتہاپسندوں نے دھاوا بول دیا تھا۔واضح رہے یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنےآیا ہے جب گزشتہ روز ہی ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے غیر ملکی سفرا کو مکمل سیکیورٹی کا یقین دلایا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے مطالبہ کیا تھا کہ بھارت اپنے ملک میں بنگلا دیشی سفیر اور سفارتی مشن کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے، میزبان ملک کی ذمے داری ہوتی ہے کہ سفارت کاروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے۔