اسلام آباد: منگل کی علی الصبح سری نگر ہائی وے پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرین کی جانب سے ایک گاڑی کو رینجرز اہلکاروں پر چڑھا دیا گیا، اس واقعے میں 4رینجرز اہلکار شہید ہوگئے جبکہ پانچ دیگر رینجرز اور پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب رینجرز اہلکار پی ٹی آئی کے احتجاجی مارچ کو ڈی چوک کی جانب بڑھنے سے روکنے کے لیے ڈیوٹی پر موجود تھے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاکستان آرمی کے یونٹس نے سیکورٹی کے فرائض سنبھال لیے ہیں اور شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکورٹی فورسز مظاہرین کے حملوں سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی مظاہرین کے حملوں میں دو پولیس اہلکار بھی شہید ہو چکے ہیں۔
سیکورٹی حکام کے مطابق شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا تاکہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔