معروف مذہبی اسکالر اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر نعمان نعیم نے پاڑہ چنار میں پیش آنے والے اندوہناک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاڑہ چنار کے حالات پوری قوم کے لیے باعث تشویش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر فرقہ واریت کے ذریعے ملکی امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، اراضی کے تنازعے کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر فرقہ واریت کی آگ بھڑکائی گئی، حکومت تنازعے کے مستقل حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات پر توجہ دے۔
جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مولانا نعمان نعیم نے کہا کہ پاڑہ چنار کی قیمتی اراضی کا تنازع بنیادی طور پر چند افراد کے درمیان تھا، لیکن اسے فرقہ وارانہ شکل دے کر امن کو سبوتاژ کیا گیا، جس کے نتیجے میں اب 40 سے زائد جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس طویل تنازعے کے مستقل حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات پر حکومت کو توجہ دینی چاہیے اور اس معاملے پر ایک غیرجانبدار کمیشن تشکیل دے کر حقائق سامنے لائے جائیں اور آئندہ اس قسم کے واقعات کے سدباب کےلئے اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ فساد میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے، اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ تمام مکاتب فکر کے ائمہ و علماء کرام سے اپیل ہے کہ وہ متحد ہو کر اس طرح کی گھناؤنی سازشوں کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔