سندھ کے علاقے ٹُھل کےعلاقے گڑھی حسن میں نوجوان پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جھلس کر شدید زخمی ہونے والے نوجوان علی محمد سرکی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں تڑپ تڑپ کر جان دیدی۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات سُسرالیوں نے مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر نوجوان کو آگ لگائی تھی، نوجوان بیوی کو منانے سسرال گیا تھا، جہاں سسر اور سالے نے حملہ کرکے اسے آگ لگادی۔
ڈاکٹرز کے مطابق آگ لگنے سے نوجوان کا جسم اور چہرہ 40 فیصد جھلس چکا تھا، علاج کی سہولیات نہ ہونے پر ورثاء کو جھلسے نوجوان کو علاج کے لیے لاڑکانہ لے جانے کا کہا گیا۔
ورثاء کے غریب ہونے کے سبب نوجوان نے جیکب آباد کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔
علاقہ پولیس نے نوجوان پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے واقعہ میں ملوث ملزم بشیر کو گرفتار کرکے واقعہ کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔