پاکستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ دنوں ہونے والی بارشوں نے موسم میں ٹھنڈک کا احساس بڑھا دیا ہے، یہ طویل انتظار کی جانے والی بارشیں دو دنوں تک جاری رہیں، جنہوں نے فضاء سے مضر آلودگی کو دھو کر اسموگ کی شدت میں نمایاں کمی کر دی۔
مغربی ہوائیں بھی فضائی معیار کی بہتری میں معاون ثابت ہوئیں۔ پنجاب کے میدانی علاقوں خصوصاً لاہور میں طویل دھندلے موسم کے بعد دھوپ دیکھنے کو ملی جو لوگوں کے لیے خوشگوار تبدیلی تھی تاہم صبح اور رات کے اوقات میں کچھ علاقوں میں اسموگ اور گھنے دھند کی موجودگی برقرار رہی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں، کشمیر اور اسلام آباد میں مختلف مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بونداباندی ریکارڈ کی گئی۔ ان بارشوں کی وجہ سے اسموگ کی سطح میں کمی آئی تاہم پنجاب کے کئی علاقوں میں دھند کی شدت ابھی بھی برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع استور میں سب سے زیادہ 4 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ بگروٹ میں 3 ملی میٹر اور بونجی میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد میں گولڑہ اور زیرو پوائنٹ پر بالترتیب 2 ملی میٹر اور 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔ خیبر پختونخوا کے بالاکوٹ اور کشمیر کے مختلف علاقوں، جیسے مظفرآباد اور راولا کوٹ، میں بھی 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ادھر لیہ ملک کا سب سے سرد مقام رہا، جہاں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ اور صبح کے وقت ہوا میں نمی 94 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ اور صبح کے وقت نمی 79 فیصد رہی۔ دونوں شہروں میں موسم سرد رہا، جو موسم کی توقعات کے عین مطابق تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں اس وقت خشک ہوائیں غالب ہیں۔ اس صورتحال میں اتوار کی رات اور پیر و منگل کے دن اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم پنجاب کے کچھ علاقوں میں اسموگ اور گھنے دھند کی موجودگی برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
آئندہ دنوں کے لیے اسلام آباد کا کم سے کم درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی کا کم سے کم درجہ حرارت 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔