بیروت: لبنان کی مزاحمتی تنظیم نے حسن نصراللہ کی شہادت کے ایک ماہ بعد نعیم قاسم کو حزب اللہ کا نیا سربراہ مقرر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حزب اللہ نے حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد قائم مقام سربراہ نعیم قاسم کو باضابطہ سربراہ منتخب کرکے ان کی سربراہی کا اعلان کردیا۔ نعیم قاسم کو طویل عرصے تک حسن نصر اللہ کے نائب کے طور پر خدمات انجام دینے کا تجربہ حاصل ہے۔
سابق سربراہ حزب اللہ حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد نعیم قاسم کو تنظیم کا قائم مقام سربراہ بنایا گیا جبکہ اس سے قبل انہوں نے حزب اللہ کی شوریٰ کمیٹی کے رکن کے طور پر بھی 3 مرتبہ فرائض سرانجام دئیے۔ حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد ان کے کزن کو بھی شہید کردیا گیا۔
حسن نصر اللہ کے خالہ زاد بھائی اور داماد ہاشم صفی اللہ بھی حزب اللہ کے سربراہ منتخب کیے جاسکتے تھے جنہیں کچھ دن قبل ہی اسرائیلی حملے میں شہید کردیا گیا۔ طویل عرصے تک حزب اللہ کی سربراہی سنبھالنے والے حسن نصراللہ کو گزشتہ ماہ شہید کیاگیا تھا۔
حزب اللہ کا اگلا قدم؟
مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی نئی قیادت ممکنہ طور پر اسرائیلی حملوں کا جواب دینے کے لیے کسی بڑے اقدام کی منصوبہ بندی کرے گی، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔