معروف مذہبی اسکالر اور مقبول مذہبی ولاگر مفتی طارق مسعود بحفاظت وطن واپس پہنچ گئے۔
مفتی طارق مسعود ایسے موقع پر وطن واپس پہنچے ہیں، جب گزشتہ مہینے کینیڈا میں ایک تقریب سے ان کے خطاب کا ایک متنازع حصہ وائرل ہونے کے بعد ان کیلئے بحفاظت پاکستان واپسی مشکل ہوگئی تھی۔
گفتگو کا متنازع حصہ وائرل ہونے کے بعد مفتی طارق مسعود کو گستاخ قرار دے کر ان کے خلاف ملک بھر میں سنگین فضا قائم کر دی گئی تھی، جس کے بعد مختلف حلقوں کی طرف سے یہ دعوے بھی سامنے آ رہے تھے کہ اپنے خلاف مسموم اور نا موافق فضا دیکھ کر مفتی طارق مسعود نے پاکستان واپس آنے کے بجائے کسی مغربی ملک میں اپنا قیام بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اب مفتی طارق مسعود کی وطن واپسی کے ساتھ یہ سارے دعوے اور افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔ منگل کی شام گئے مفتی طارق مسعود کراچی ایئرپورٹ پر اترے تو ملک کی معروف دینی درسگاہ جامعہ الرشید کے سربراہ مفتی عبد الرحیم نے علماء کے ایک وفد کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔
مفتی طارق مسعود نے بعد ازاں جامعہ الرشید میں تقریب سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جامعہ الرشید کے سربراہ مفتی عبد الرحیم نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ وہ مفتی طارق مسعود کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔