آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت مظلوم کشمیریوں پر ہر روز ظلم و ستم کررہا ہے اور روزانہ کی بنیادوں پر نہتے کشمیریوں کا خون بہایا جارہا ہے اور ان کی جانیں لی جارہی ہیں۔
مکہ مکرمہ میں عالمی ختم نبوت موومنٹ علماء سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ گزشتہ 140 روز سے مقبوضہ وادی کے مظلوم عوام کو گھروں میں قید کردیا گیا، ان کی زندگی اجیرن کی گئی جبکہ ہر روز ان پر گولیاں برسائی جاتی ہیں۔
وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو 70 سال سے زائد عرصہ گزر چکا، پھر بھی مظلوم کشمیری جارحیت اور اشتعال انگیزی کا بھرپور مقابلہ کر رہے ہیں۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو مسئلۂ کشمیر کے حل کے لیے آگے آنا ہوگا، تاریخِ انسانی کے بد ترین کرفیو کے دوران کشمیری عوام کے حالاتِ زندگی دیکھتے ہوئے مودی حکومت پر دباؤ ڈالنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جدوجہدِ آزادیِ کشمیر سانس کے آخری دم تک جاری رہے گی ، ہم آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (او آئی سی) کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز بلند کی۔
یاد رہے کہ بھارت میں متنازعہ قانونِ شہریت کے خلاف آج بھی شدید احتجاج جاری ہے، لوگ سڑکوں پر ہیں، حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جارہی ہے جبکہ مودی حکومت کی طرف سے طاقت کے بے جا استعمال کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی۔
جے پور کی ریاست میں بھارت نے متشدد احتجاج کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی طرز پر انٹرنیٹ اور ذرائع آمدورفت پر پابندیاں عائد کردی ہیں جس کے نتیجے میں ٹرین کی میٹرو سروس مکمل طور پر بند ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت میں متنازعہ قانون کے خلاف شدید احتجاج آج بھی جاری