جسٹس گلزار احمد نے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کاحلف اٹھالیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

chief justice oath
وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف اور چیف جسٹس کی ملاقاتیں

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس گلزار احمد نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گلزار احمد سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور سپریم کورٹ کے ججز کے علاوہ مسلح افواج کے سربراہان اور وکلاء سمیت اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ ملک کے 26ویں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی گزشتہ روز سبکدوشی کے بعد جسٹس گلزار احمد 27ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔

چیف جسٹس گلزار احمد 2سال سے زائد عرصے تک اس عہدے پر رہیں گے اور یکم فروری 2022 کو بطور چیف جسٹس آف پاکستان سبکدوش ہوجائیں گے۔

نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے لاہور ہائی کورٹ کے 18 ججز کو دعوت نامے بھجوائے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا بیان میرے اور عدلیہ کے خلاف گھناؤنی سازش ہے، چیف جسٹس

جسٹس گلزار احمد 2 فروری 1957 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم گلستان اسکول کراچی سے حاصل کی جبکہ گریجوایشن گورنمنٹ نیشنل کالج کراچی، ایل ایل بی کی ڈگری ایس ایم لاء کالج کراچی سے مکمل کی۔

18 جنوری 1986 میں ایڈووکیٹ کی حیثیت سے رجسٹرڈ ہوئے اور پھر 4 اپریل 1988 کو ہائیکورٹ کے ایڈووکیٹ کی حیثیت سے ان کا اندراج ہوا، جس کے بعد 15 ستمبر 2001 کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈووکیٹ بنے۔

اس کے علاوہ جسٹس گلزار احمد سن 1999 سے 2000 کے دوران سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اعزازی سیکریٹری کے عہدے کے لیے بھی منتخب ہوئے۔

2002 میں سندھ ہائی کورٹ کے جج منتخب ہونے سے قبل وہ کراچی کے 5 سرفہرست وکلا میں شامل رہے اور اپنے کیرئیر میں سول، لیبر، بینکنگ، کمپنی قوانین اور کارپوریٹ سے متعلق کیسز میں وکالت کی۔

Related Posts