لاہور: امیر جماعتِ اسلامی نے ملکی حالات کو اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک ادارے یہ ناکامی تسلیم نہ کریں، بہتری نہیں آسکتی۔
تفصیلات کے مطابق ملک گیر ممبر سازی مہم کے آغاز کے موقعے پر منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات پارلیمنٹ، اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ اور فوج کی ناکامی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ حکومت نے آئی پی پیز کا ٹیکس معاف کررکھا ہے، غریب آدمی کو ٹیکس دینا پڑتا ہے۔ آئی ایم ایف کی غلامی کرنے والے مستحکم نہیں ہوسکتے۔ آئی پی پیز کو 13سو ارب کی سبسڈی دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے رہنما فرشتہ نہیں ہیں، غلطیاں اور کوتاہیاں ہوسکتی ہیں۔ ہم سب مل کر جدوجہد کریں گے۔ رواں ماہ 50 لاکھ افراد کو جماعتِ اسلامی کا رکن بنانے کا ارادہ ہے۔ جماعتِ اسلامی لسانی اکائیوں کو اکٹھا کرسکتی ہے۔
امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ پاکستان ان شاء اللہ قائم رہے گا جس میں جماعتِ اسلامی اپنا کردار ادا کرے گی۔ میڈیا مالکان سے جماعتِ اسلامی کا مطالبہ ہے کہ وہ اپنے کارکنان کو حقوق دیں جو ہر طرح کے حالات میں کام کرتے ہیں۔