نئی دہلی: جدوجہدِ آزادئ کشمیر کی تحریک میں انتہائی نمایاں شخصیت سیّد علی گیلانی کی شہادت کے موقعے پر حریت رہنما کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حریت رہنما سیّد علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقعے پر مظلوم کشمیری انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے سری نگر میں ان کی قبر پر حاضری دیں گے اور ان کی مغفرت اور قوم کیلئے قربانیوں کیلئے عظیم اجر کی دعا کریں گے۔
حریت قیادت کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی سمیت حریت رہنماؤں کی کشمیر کی آزادی کیلئے دی گئی قربانیاں فراموش نہیں کی جائیں گی۔ آج سے 3 سال قبل سیّد علی گیلانی سری نگر میں اپنی رہائش گاہ حیدر پورہ میں بھارتی پولیس کی حراست میں شہید ہوگئے تھے۔
قبل ازیں سیّد علی گیلانی کو بھارتی پولیس نے 10 سال سے زائد عرصے تک مسلسل نظر بند رکھا جس پر آل پارٹیز حریت کانفرنس سمیت مقبوضہ کشمیر کے تمام حریت رہنماؤں نے بھرپور احتجاج کیا، جبکہ آج بھی حریت قیادت کے متعدد نام بھارتی ظلم و ستم کا شکار ہیں۔
بلاشبہ قائدِ حریت سید علی گیلانی کی جدوجہد امن و انصاف کے متلاشیوں کی جدوجہد کو ہمیشہ تحریک دیتی رہے گی۔ حریت قیادت کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی کوئی ایک فرد نہیں بلکہ ایک تحریک اور مشن کا نام ہے جو اپنی شہادت کے بعد بھی زندہ ہے اور رہے گا۔