سعودی شہر جدہ میں جدہ سیزن کے تحت پاک انڈونیشیا میوزک نائٹ میں آئمہ بیگ سمیت دیگر گلوکاروں نے اپنے فن کا جادوجگایا، آئمہ بیگ کی جانب سے عمرے کی تصاویر شیئر کرنے پر گلوکارہ کو اسلام سے رجوع کا مشورہ دیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جدہ سیزن میوزک نائٹ میں ہزاروں پاکستانی شریک ہوئے۔ گلوکارہ آئمہ بیگ، بلال سعید، سونو ڈانس گروپ اور انڈونیشین فنکاروں نے بھی میوزک نائٹ کا حصہ بن کر عوام کے دلوں میں گھر کرنے کیلئے شاندار پرفارمنس دی۔
سوشل میڈیا پر میوزیکل نائٹ کی پرفارمنس کی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں۔ ویڈیوز میں آئمہ بیگ نے اپنے مقبول گانوں پر پرفارمنس دے کر شائقین کا دل لبھانے کی بھرپور کوشش کی۔ سعودی عرب آنے کے بعد آئمہ بیگ نے عمرہ بھی کیا۔
دریں اثناء گلوکارہ آئمہ بیگ کی جانب سے عمرے کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈال دی گئیں جس پر سوشل میڈیا صارفین آپے سے باہر ہوگئے اور گلوکارہ کو اسلام سے رجوع کا مشورہ دیا۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے انتہائی ذاتی نوعیت کے سوالات بھی اٹھائے۔
ایک خاتون نے پوچھا او مسلمانو! تمہیں کیا ہوگیا ہے؟ ایک اور خاتون نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے آئمہ بیگ سے کہا کہ تم موبائل مت چھوڑنا کبھی بھی۔ ایک اور مداح نے اعتراض کیا کہ آئمہ بیگ ایسے لباس کیوں پہنتی ہیں جن میں جسم دکھائی دے رہا ہو؟دیگر مختلف تبصرے بھی کیے گئے۔