ناران ہوٹلز ایسوسی ایشن نے ناران کاغان ویلی میں شدید موسمی حالات میں پھنسے ہوئے سیاحوں کیلئے خصوصی اعلان کرکے پورے ملک کے دل جیت لیے ہیں۔
اس وقت ملک بھر سے بڑی تعداد میں لوگ فیملیوں کے ہمراہ گرمیوں کی چھٹیاں منانے مری، کاغان، ناران، سوات، کمراٹ اور گلگت و چترال جیسے ملک کے شمالی علاقوں میں موجود ہیں۔
اس دوران ملک میں مون سون کے آغاز کے ساتھ ہی شدید بارشوں اور سیلابوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث مخلتف سیاحتی علاقوں میں سیاحت پر نکلے ہوئے لوگ خراب موسمی صورتحال میں پھنس گئے ہیں۔
منگل کی صبح اطلاع آئی تھی کہ ناران کاغان ویلی میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث علاقے کا رابطہ کٹ گیا ہے، جس کے باعث مقامی لوگوں سمیت بڑی تعداد میں سیاح بھی پھنس گئے ہیں۔
ایسی ناگہانی صورتحال میں ہر سال لوگوں کو موسمی حالات کے ساتھ موقع پرست عناصر کے ناموافق رویوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے بطور خاص غیر مقامی سیاح بری طرح رل جاتے ہیں۔
پھنسے ہوئے سیاحوں کیلئے ایسے مواقع پر سب سے زیادہ مشکل رہائش اور کھانے پینے کے حوالے سے درپیش ہوتی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ناران ہوٹلز ایسوسی ایشن نے سیاحوں کے مفاد میں بڑے کھلے دل کے ساتھ خصوصی پیشکش کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ناران ہوٹلز ایسوسی ایشن کے صدر سیٹھ مطیع اللہ کے ایک بیان کے مطابق ناران ویلی کے تمام ہوٹلوں کی جانب سے پھنسے ہوئے سیاحوں کو مفت رہائش اور 50 فیصد ڈسکاونٹ پر کھانا فراہم کیا جائے گا۔
ناران ہوٹلز ایسوسی ایشن کی جانب سے سامنے والے اس اعلان نے سب کے دل جیت لیے ہیں، چنانچہ سوشل میڈیا پر لوگ اس اقدام کی بھرپور تحسین کرتے نظر آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ناران ویلی میں مہانڈری کے مقام پر بالاکوٹ کو ناران سے ملانے والا پل منور وادی سے آنیوالے سیلابی ریلے میں بہہ گیا ہے جس کی وجہ سے ناران کاغان میں موجود سیاح وادی میں پھنس چکے ہیں۔