اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس کے دوران کابینہ اراکین 11نکاتی ایجنڈے پر غور کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق 11نکاتی ایجنڈے پر غور اور اہم فیصلوں کیلئے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں عالمی ادارہ خوراک کی شپمنٹ افغانستان بھجوانے کیلئے این او سی اور پیر روشن انسٹیٹیوٹ کیلئے پہلے ریکٹر کے تقرر کی منظوری دی جائے گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ورچؤل یونیورسٹی کیلئے اراضی کے حصول کی اجازت اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کے تقرر کی توثیق بھی وفاقی کابینہ اجلاس کے 11 نکاتی ایجنڈے میں شامل ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں وزارتِ مذہبی امور اور سعودی وزارت کے درمیان ایم او یوز پر دستخط کی منظوری اور بہاول پورکے مرحوم امیر کی جائیداد سے متعلق عمل درآمد کمیٹی کی تشکیل بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
کابینہ اجلاس میں فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کی منظوری دی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے میں شامل معاملات پر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔