پاکستان نے ٹی 20 ورلڈکپ کے انتہائی اہم میچ میں بھارت کے خلاف دفاعی حکمت عملی اختیار کرنے اور پلیئنگ الیون میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیویارک میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اتوار کو مد مقابل آئیں گی، پہلے میچ میں شکست کی وجہ سے پاکستان بھارت کے خلاف فتح حاصل کر کے ایونٹ میں بھرپور طریقے سے واپس آنے کے لیے کوشاں ہے۔
قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ہفتے کو اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف اہم میچ کےلئے پلینگ الیون میں تبدیلی کی جائے گی اور اعظم خان کو ڈراپ کر کے انجری سے نجات پانے والے آل راؤنڈر عماد وسیم کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔
اُدھر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے نیویارک اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تصدیق کی کہ عماد وسیم اب مکمل فٹ اور میچ کیلیے دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف ایک نیا میچ ہے اور ہم اچھی پلاننگ کے ساتھ میدان میں اتریں گے، کسی کی انفرادی پرفارمنس نہیں بلکہ جیت کیلیے پوری ٹیم کو جان مارنی ہوگی۔