لاہور کے چھ فٹ دراز قد محمد علی کی صرف ڈھائی فٹ کے مختصر سے قد کی مدیحہ سے شادی کو 12 سال سے زائد گزر گئے، میاں بیوی کا کہنا ہے کہ اب تک کی زندگی ہنستے کھیلتے ہی گزر گئی ہے۔
12 سال قبل محمد علی کی لاہور میں ایک رشتہ دار کے گھر مدیحہ علی سے بڑے ڈرامائی انداز میں ملاقات ہوئی جو اسی وقت حیرت اور دلچسپی کے گرد گھومتے چند سوالات و جوابات کے ساتھ ہی محبت میں تبدیل ہوگئی۔
محمد علی کے مطابق اسی دوران انہوں نے مدیحہ علی کو پروپوز کردیا، مدیحہ علی کا کہنا ہے کہ غیر معمولی دراز قد محمد علی کی جانب سے شادی کی پیش کش سن کر مجھے یقین نہیں آیا، چنانچہ انہوں نے محمد علی سے کہا کہ مذاق نہ کریں، تم مجھ جیسی مختصر قد کی لڑکی کے ساتھ کیسے شادی کر سکتے ہو۔
محمد علی مدیحہ علی کو دیکھنے اور ان سے گفت و شنید کے بعد فیصلہ کرچکے تھے کہ وہ اسی لڑکی سے شادی کریں گے، چنانچہ محمد علی نے انہیں یقین دلایا کہ وہ مذاق نہیں کررہے بلکہ پوری سنجیدگی کے ساتھ انہیں شادی کی پیشکش کر رہےہیں۔
محمد علی کے مطابق مدیحہ کو پہلی بار دیکھا تو میری حیرت کی انتہا نہ رہی، میں نے اپنے رشتے داروں سے پوچھا کہ یہ چھوٹی سی لڑکی واقعی چھوٹی ہے یا عمر میں بڑی ہے مگر چھوٹی دکھائی دے رہی ہے۔
انہیں بتایا گیا کہ یہ 18 سال کی نوجوان لڑکی ہے اور ایف اے کر رہی ہے، جس کے بعد دونوں میں بات آگے بڑھی اور جلد ہی شادی کیلئے دونوں میں اقرار اور پیام ہوگیا۔
محمد علی کے مطابق مدیحہ سے شادی کا سن کر ان کے گھر والے ان سے اس قدر ناراض ہوئے کہ شادی میں بھی شرکت نہیں کی، مگر محمد علی نے ہمت نہیں ہاری اور بڑی دھوم دھام سے اکیلے ہی مدیحہ کو بیاہ لایا۔
محمد علی کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد مدیحہ نے آہسہ آہستہ سب کا دل جیت لیا، آج ان کا سارا خاندان مدیحہ کے ساتھ خوش ہے، سارے بھائی اور بھابھیاں اس سے محبت کرتے ہیں۔
شادی کے بارہ برس کے دوران ان کی تین بیٹیاں پیدا ہوئی ہیں، جو قد میں اپنے باپ پر گئی ہیں اور ماں سے بڑی دکھائی دیتی ہیں، اسی وجہ سے محمد علی بیوی کو بائیک پر آگے، جبکہ بچیوں کو اپنے پیچھے بٹھا کر گھومتے رہتے ہیں۔
محمد علی اپنی بچیوں سے زیادہ بیوی کو ہر وقت گود میں لیے ہوتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس کی ضدیں اور خواہشات بھی ان کی طرح چھوٹی چھوٹی ہیں، وہ بچوں کی طرح ہی لولی پاپ، چپس اور پاپڑ کینڈی پسند کرتی ہے اور بچیوں کے ساتھ ہی کھیلتی رہتی ہے۔