لاہور: پی ایس ایل کے نویں سیزن کے دوسرے میچ کے دوران پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان ریلی روسو کے مابین ٹاس ہوا جو بابر اعظم نے جیتا اور پچ کی صورتحال دیکھتے ہوئے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
بابر اعظم کی بیٹنگ کی دعوت کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مابین کانٹے کا مقابلہ شروع ہوگیا جبکہ ملتان اسٹیڈیم میں ہونے والا پی ایس ایل 9 کا دوسرا میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین ہوگا۔
ملتان سلطانز کی قیادت قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ کراچی کنگز کی کپتانی رواں برس شان مسعود کریں گے۔ گزشتہ روز افتتاحی میچ کے دوران اسلام آباد کی ٹیم نے دفاعی چیمپین لاہور قلندرز کو شکست دے دی تھی۔
افتتاحی میچ میں اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر لاہور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ شاہین آفریدی کی قیادت میں قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں اسلام آباد کو 196رنز کا ہدف دیا جو یونائٹیڈ کی ٹیم نے 2وکٹس کے نقصان پر پورا کر لیا تھا۔