وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپوزیشن رہنماؤں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو ہٹانے اور الیکشن کا مطالبہ کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے۔
داتا کی نگری لاہور میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت کوئی بری بات نہیں ہے، پاکستان میں پلی بارگین سے بہت پیسہ آئے گا۔
پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر وکلاء حملے کی مذمت کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ گزشتہ روز کے واقعے میں انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے۔ دل کے ہسپتال پر دھاوا بول کر جہالت کا ثبوت دینے والے ہماری جگ ہنسائی کا باعث بنے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مارچ تک کرپٹ لوگ پلی بارگین پر مجبور ہوں گے، اگر ایسا نہ ہوا تو بلاول سیاست کے میدان سے آؤٹ ہوجائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر کو غیر جانبدار ہونا چاہئے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ عوام کو شدید مہنگائی کا سامنا ہے، عوام کو بل ادا کرنا دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر پر پہلے سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بھارت کے متنازعہ شہریت بل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا ہندو ریاست بنتا جا رہا ہے جس میں مسلمانوں کی شہریت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ مسلمانوں کو 10ویں درجے کا شہری بنانے سے حالات مزید تلخ ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں میری توقع سے زیادہ لوگ آئے ۔مجھے اتنے لوگ اسلام آباد اکٹھے ہونے کی امید نہیں تھی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشیخ رشید کاکہناتھا کہ فضل الرحمان پیسے پورے کر واپس لوٹے ، مولانا فضل الرحمان بتائیں ان کو آزادی مارچ سے کیا حاصل ہوا وہ ہمیں کچھ نہیں بتا سکتے تو علماء کو ہی بتا دیں۔
مزید پڑھیں: فضل الرحمان کے مارچ میں توقع سے زیادہ لوگ آئے، شیخ رشید احمد